میسورو، 6 مئی (ایس او نیوز) اسمبلی انتخابات کے موقع پر ووٹنگ کیلئے زیادہ سے زیادہ خواتین کو راغب کرنے کے مقصد سے میسور ضلع میں پہلی مرتبہ مخصوص خواتین کے لئے 24 پنک پولنگ بوتھس بنائے گئے ہیں۔ان پولنگ بوتھوں کو ’’ پنک پولنگ بوتھس یا سکھی پولنگ بوتھس ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ تاکہ خواتین اپنے آپ کو محفوظ سمجھیں اور بغیر کسی خوف کے ان پولنگ بوتھوں میں اپنے ووٹوں کا بھر پور استعمال کرسکیں۔ ان پنک پولنگ بوتھوں میں صرف خواتین ووٹروں کو داخلہ دیا جائے گا اور پولنگ افسر بھی خواتین ہی ہوں گی۔ساری ریاست میں اس طرح کے کل450 پنک یا سکھی پولنگ بوتھس قائم کئے گئے ہیں۔ان تمام پنک یا سکھی پولنگ بوتھوں کو پنک رنگ کے غباروں اور ربن سے سجا یا جائے گا۔دیواروں کا رنگ بھی پنک ہی ہوگا۔ اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس پولنگ بوتھ میں 12 مئی کو خدمت انجام دینے والی تمام خاتون سرکاری افسربھی اپنا لباس پنک رنگ کا ہی پہنیں ہوں گی۔میسور ضلع کے کل 11 حلقوں میں جملہ24 پنک پولنگ بوتھس بنائے جائیں گے ۔الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پہلی مرتبہ پنجاب، ہماچل پردیش، اور گجرات میں اس طرح کا تجربہ کرنے کے بعد پہلی مرتبہ ریاست کرناٹک میں اس طرح کے پنک پولنگ بوتھ قائم کئے ہیں اور صرف ایسے پونگ بوتھس کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں خواتین ووٹرس کی تعداد 60% سے زائد ہو۔